شام: امریکا روس معاہدہ، عمل اقوام متحدہ کی توثیق سے مشروط
یو این معائنہ کاروں کو مکمل رسائی دیں گے: شامی وزیر اطلاعات
امریکا اور روس کے درمیان کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق ہونے والے معاہدے کی اقوام متحدہ سے توثیق کی صورت میں شام معاہدے پر پوری طرح عمل کرے گا۔ اس امر کا اظہار شامی وزیر اطلاعات عمران عاهد الزعبی نے ایک تازہ انٹرویو میں کیا ہے۔
شامی وزیر اطلاعات نے کہا ''اقوام متحدہ سے جو بھی سامنے آئے گا شام اس کی پابندی کرے گا، شام نے کیمیائی ہتھیاروں سے چھٹکارے کے لیے روسی منصوبے کو قبول کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کی فہرست تیار کرنا شروع کر دی ہے۔'' انہوں نے کہا '' شام اپنا کام شروع کر چکا ہے، اس سلسلے میں دستاویزات کی تیاری پہلے سے ہی جاری ہے کہ شام وقت ضائع کرنے پر یقین نہیں رکھتا۔''
شام کے وزیر اطلاعات نے یہ باتی شامی کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق امریکا اور روس کے وزرائے خارجہ کے درمیان جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کے اگلے روز کہی ہیں۔ تاہم شامی وزیر اطلاعات کے الفاظ تھے'' شام اس معاہدے پر اسی صورت عمل کرے گا کہ اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے زیاد ٹھوس شکل میں آگے بڑھایا جائے گا۔''
شامی وزیر کا کہنا تھا '' گزشتہ چالیس سال کے دوران شام نے جب بھی کوئی وعدہ کیا ہے تو اسے پورا کیا ہے۔'' ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا ''ہم اس معاہدے کو بڑی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اس لیے ہم اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو کیمیائی ہتھیاروں تک مکمل رسائی دیں گے، کہ شام اپنے قول کا پکا ہے۔''واضح رہے شامی حکومت روسی تجویز پر امریکا اور روس کے درمیان جنیوا میں ہونے والے اس معاہدے کو اپنی فتح سے تعبیر کر رہی ہے۔