عراق میں حملوں میں تین پاکستانیوں سمیت 11 افراد ہلاک
سامراء کے نزدیک مسلح افراد کی پاکستانی شیعہ زائرین کی بس پر فائرنگ
عراق میں تشدد کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور بدھ کو مختلف علاقوں میں مزاحمت کاروں کے حملے میں تین پاکستانی شیعہ زائرین سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عراقی پولیس کے حکام کے مطابق سب سے تباہ کن بم دھماکا جنوبی قصبے خالص میں ہوا ہے جہاں ایک خودکش بمبار نے شیعہ زائرین کو نشانہ بنایا۔ بم دھماکےمیں چھے افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوگئے ہیں۔
بغداد سے 95 کلومیٹر شمال میں واقع شہر سامراء کے نزدیک نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی شیعہ زائرین کی بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین پاکستانی ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں دو عراقی بھی شامل ہیں۔
مغربی شہر رمادی میں کار میں سوار بمبار نے ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے دو پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
سوموار اور منگل کو بھی عراق کے مختلف علاقوں میں تباہ کن بم دھماکے اور کار بم حملے ہوئے تھے اور ان حملوں میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے تھے۔