مصر: جزیرہ نما سیناء میں تین مسلح فلسطینی ہلاک
غزہ سے سرنگ سے مصری علاقے میں درانداز افراد کے خلاف فورسز کی کارروائی
مصر کی سکیورٹی فورسز نے غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحدی علاقے میں زیر زمین سرنگ سے رفح کی جانب آنے والے تین مسلح فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔
مصری فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان ''مسلح فلسطینیوں'' کی غزہ کی پٹی اور جزیرہ نما سیناء میں بنائے گئے بفر زون میں فورسز کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی۔انھوں نے غزہ کی پٹی میں ایندھن اور خوراک لے جانے کے لیے استعمال ہونے والی ایک زیر زمین سرنگ سے مصری علاقے میں دراندازی کی تھی۔
قاہرہ حکومت فلسطینی جماعت حماس سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں پر مصری علاقے میں زیرزمین سرنگوں کے ذریعے دراندازی کے الزامات عاید کرتی رہتی ہے۔ مصری فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جولائی 2013ء میں سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے سرحدی علاقے میں سیکڑوں زیر زمین سرنگوں کو تباہ کردیا ہے۔
مصری حکام فلسطینی مزاحمت کار گروپوں پر جزیرہ نما سیناء میں برسرپیکار جہادی گروپ انصار بیت المقدس کی مدد کا الزام عاید کرتے رہتے ہیں لیکن یہ گروپ خود کو دولت اسلامیہ (داعش) سے وابستہ قرار دیتا ہے۔اس نے سیناء میں مصری سکیورٹی فورسز پر گذشتہ دوسال کے دوران بیسیوں تباہ کن حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔
گذشتہ سال اکتوبر میں اس گروپ کے فوج پر تباہ کن حملے کے بعد مصر نے سیناء اور غزہ کے درمیان سرحدی علاقے میں ایک بفر زون قائم کردیا تھا۔اس کے علاوہ حکومت نے ایک سخت قانون کی بھی منظوری دی تھی جس کے تحت سرحدی علاقے میں زیر زمین سرنگوں کی تعمیر یا ان کے استعمال پرعمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔