.

سیناء: مسلح افراد کا حملہ،دو مصری پولیس اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے ساتھ واقع شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق جمعرات کو ایک کار میں سوار میں مسلح افراد نے سرحدی شہر رفح میں پولیس کے ایک کیمپ کے بیرونی گیٹ پر فائرنگ کی ہے اور اس کے نتیجے میں وہاں مامور دو پولیس اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی ہے لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔اس علاقے میں دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے وابستہ صوبہ سیناء کے نام سے گروپ متحرک ہے۔ اس کا پہلے نام انصار بیت المقدس تھا لیکن چند ماہ قبل اس نے اپنا نام تبدیل کرلیا تھا۔

سیناء اور مصر کے دوسرے علاقوں میں اسی گروپ نے اب تک سکیورٹی فورسز پر بیشتر حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔ان حملوں میں جولائی 2013ء کے بعد سے سیکڑوں پولیس اہلکار اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔سیناء میں اس گروپ کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیش نظر مصری حکومت نے گذشتہ سال اکتوبر سے ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے اور گذشتہ ماہ اس میں مزید تین ماہ کے لیے توسیع کردی گئی تھی۔