جزیرہ نما سیناء سے اسرائیل کی جانب راکٹ حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار جنگجوؤں نے مبینہ طور پر اسرائیل کے جنوبی علاقے کی جانب ایک راکٹ فائر کیا ہے۔

اسرائیل کے ایک فوجی ذریعے نے اس راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے ساتھ واقع جزیرہ نما سیناء میں جنگجوؤں اور مصری فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران شاید یہ راکٹ فائر کیا گیا ہے اور یہ اسرائیلی علاقے میں آ کر گرا ہے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ ایک کھلے علاقے میں گرا ہے اور اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ مصر کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی علاقے میں راکٹ گرنے سے متعلق رپورٹس کی تحقیقات کررہے ہیں اور فوری طور پر ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ ظاہر ہوکہ یہ راکٹ مصری علاقے سے فائر کیا گیا تھا۔

اس واقعے سے دو روز قبل دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء نے مصری فوج کے پندرہ چیک پوائنٹس پر بیک وقت تباہ کن حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں سترہ فوجی ہلاک ہوگئے تھے اور فوج کی جوابی کارروائی اور فضائی حملوں میں ایک سو بیس سے زیادہ جنگجو مارے گئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے سیناء میں لڑائی کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر جنوبی ہائی وے کو آج جمعہ سے بند کردیا ہے۔اس شاہراہ کا ایک حصہ مصر کی سرحد کے ساتھ ساتھ واقع ہے۔

واضح رہے کہ سیناء سے تعلق رکھنے والے مصری جنگجو ماضی میں اسرائیلی علاقے کی جانب راکٹ فائر کرتے رہے ہیں۔اسرائیل نے اگلے روز غزہ کی پٹی کی حکمراں فلسطینی جماعت حماس پر سیناء میں داعش سے وابستہ جنگجو گروپ کی مدد کا الزام عاید کیا تھا جبکہ حماس نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔داعش نے حالیہ دنوں میں حماس کے خلاف دھمکی آمیز سخت بیانات جاری کیے ہیں مگر اس کے باوجود صہیونی ریاست کے بزرجمہر فلسطینی جماعت پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات عاید کررہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں