شارجہ عالمی کتاب میلے میں "العربیہ" کے لیے اعزازی سند
سعودی عرب کے شہزادہ خالد الفیصل سال کی ثقافتی شخصیت قرار
متحدہ عرب امارت کے شہر شارجہ میں 34 واں دس روزہ عالمی کتاب میلہ شروع ہو گیا ہے۔ کتاب میلے میں 64 ملکوں کے 1502 اشاعتی ادارے اپنی کتب کی نمائش کر رہے ہیں۔
گذشتہ روز کتاب میلے کو حاکم شارجہ سلطان بن محمد القاسمی اور گورنرمکہ شہزادہ خالد فیصل نے بھی رونق بخشی۔ کتاب میلے کی انتظامیہ کی جانب سے 'العربیہ' نیوز چینل کو اعزازی سند جاری کی گئی جب کہ شہزادہ خالد الفیصل کو سال رواں کی ثقافتی شخصیت قرار دیا گیا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شارجہ میں جاری عالمی کتاب میلے میں گہما گہمی عروج پر ہے اور ہزاروں کی تعداد میں شہری کتاب میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز کتاب میلے کی انتظامیہ کی جانب سے العربیہ کے لیے خصوصی اعزازی سند کا اعلان کیا گیا جسے العربیہ کے ڈپٹی جنرل منیجر یاسر المسفر نے وصول کیا۔
ثقافتی شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کتاب میلے کی جانب سے سعودی عرب کے گورنرمکہ شہزادہ خالد الفیصل کو سال کی بہترین ثقافتی شخصیات کا اعزاز عطا کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاکم شارجہ سلطان بن محمد القاسمی نے کہا کہ ہم نے یہاں تقریبا ہر طرح کی کتب کی نمائش کی اجازت دی ہے مگر مخصوص طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے اور متنازع مذہبی رہ نمائوں کی کتب کی نمائش کی اجازت نہیں۔ انہوں نے عرب ممالک سمیت دنیا بھر کے مصنفین اور قلم کاروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایک جانب ہمارے نوجوانوں پر شیطانی خیالات مسلط کرنے کے لیے لٹریچر تیار کیا جا رہا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ دائیں اور بائیں بازو کے خیالات رکھنے والے ہمارے مصنفین حضرات گمراہ ہونے والے نوجوانوں کو ذہنوں کو بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
کتاب میلے میں مشاہیر عالمی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ گذشتہ روز کتاب میلے میں آنے والوں میں سوڈانی افسانہ نگار حمورزیادت، مصری شاعر فاروق شوشہ، تیونسی افسانہ نگار شکری المخوت، لبنانی ناول نگار ھدیٰ برکات، اومانی شاعر سیف الرحبیم عراقی ڈرامہ نگار عبدالالہ عبدالقادر، مراکشی افسانہ نگار محمد برادہ، آئرش مصنف دارین چان، نائیجیریا کے بین اوکری، پاکستانی شاعرہ اور منصفہ فاطمہ بھٹو، جاپانی مترجم اور ناول نگار شوجو اکیتانی سمیت سیکڑوں عالمی شخصیات نے شرکت کی۔
شارجہ ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کتاب میلہ 4 سے 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ کتاب میلے میں ڈیڑھ ملین موضوعات پر کتب رکھی گئی ہیں۔ موضوعات کے کثرت کے اعتبار سے یہ ایک تاریخی کتاب میلہ ثابت ہوگا۔ شارجہ میں 10 روزہ عالمی کتاب میلے کا آغاز سنہ1982ء میں کیا گیا تھا ۔ حسب روایت اسے ہرسال زیادہ وسیع پیمانے پر منعقد کیا جاتا ہے۔