حوثی باغیوں کی سعودی عرب میں دراندازی کی کوشش ناکام
سعودی عرب کی سیکیورٹی فورسز نے سرحد پار یمن سے دراندازی کی کوشش کرنے والے ایران نواز حوثی باغیوں کو جوابی حملے میں پسپا کرتے ہوئے ان کی دراندازی کی متعدد کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی شہر جازان کے ساحلی علاقے الخوبہ سے حوثی دہشت گردوں نے سعودی عرب میں دراندازی کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق سعودی فورسزنے ساحلی علاقے جبلی المدبع اور الغاویہ سمیت متعدد مقامات سے دراندازی کی کوشش کی مگر سعودی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حوثیوں کا بے پناہ جانی نقصان ہوا ہے۔ سعودی بارڈر فورسز نے دراندازی کرنےوالے حوثی باغیوں کو توپ خانے اور گن شپ ہیلی کاپٹروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہو گئے جب کہ ان کی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
سعودی عسکری ذریعے کا کہنا ہے کہ فورسز نے سرحد پار سے اندر داخل ہونے کی متعدد کوششیں کیں مگر دشمن کو سعودی عرب کی سرزمین پر قدم رکھنے سے قبل پسپا کر دیا گیا۔ حوثی باغی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔