امارات اور مصر کا لبنانی بحران اور سعودیہ پر حملوں پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے مصری وزیر خارجہ سامح شکری سے ابو ظہبی میں ملاقات کی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں لبنان کے تازہ بحران اور ایرانی حمایت یافتہ یمنی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر میزائل حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سامح شکری اور الشیخ محمد بن زاید آل نھیان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں عرب ممالک کی تازہ صورت حال بالخصوص یمنی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر میزائل حملوں اور بحرین کی تیل پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے کی سازش پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان بھی موجود تھے۔

دونوں رہ نماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متفقہ کوششیں جاری رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دو طرفہ تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر مصری وزیرخارجہ سامح شکری نے کہا کہ عرب ممالک کو اپنے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی سازشوں کو پوری قوت سے روکنا ہوگا۔

مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید کے مطابق وزیرخارجہ سامح شکر اور اماراتی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مصر عرب ممالک کی قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مشترکہ عرب لائحہ عمل مرتب کرنے کا حامی ہے اوردوسرے عرب ممالک کے ساتھ مل کر داخلی بحرانوں کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان بات چیت میں یمن، لیبیا، شام اور عراق کی صورت حال پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں