نل کے پانی کو آب زمزم کے نام سے فروخت کرنے والا مصری گرفتار
مصر کے شہر اسکندریہ میں سکیورٹی حکام نے ہفتے کے روز کارروائی کرتے ہوئے ایک لائبریری کے مالک کو گرفتار کر لیا جو شیشے کی بوتلوں میں نل کا پانی بھر کر انہیں آب زمزم کے نام سے مہنگے داموں فروخت کر رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق "محرم بک" کے علاقے میں ایک لائبریری کا 39 سالہ مالک بنا کسی اجازت نامے کے پانی بھر کر انہیں قیمت کے عوض شہریوں کو فروخت کرتا رہا۔ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ لائبریری کا مذکورہ مالک جن بوتلوں میں یہ پانی بھرتا ہے اس پر "آب زمزم" لکھا ہوتا ہے۔ اس پانی کو لوگوں کو مہنگے داموں فروخت کر کے وہ بھاری منافع کماتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق متعلقہ پولیس فورس نے لائبریری پر چھاپہ مارا اور وہاں سے مختلف حجم کی پانی کی بوتلیں اور بڑی تعداد میں اسٹیکرز قبضے میں لے لیے۔ ان اسٹیکرز پر آب زمزم تحریر تھا۔ ان کے علاوہ خالی بوتلوں کی بھی ایک بڑی تعداد برآمد کر لی گئی۔
ملزم کو تحقیقات کے واسطے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔