گلاب کے پھولوں اور مساج کُرسیوں کے ساتھ عازمین حج کا بھرپور استقبال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب میں مقامی حکام اور اہل کاروں کی جانب سے مسکراہٹ اور گلاب کے پھولوں کے ساتھ عازمین حج کے استقبال کا سلسلہ جاری ہے۔ عازمین کے پہنچنے کے فوری بعد مکہ مکرمہ میں استقبالیہ مرکز میں ٹھنڈے اور گرم مشروبات سے تواضع کی جاتی ہے۔ اس کے بعد عازمین کو اُن کے سفر کے لیے ضروری بعض لوازمات فراہم کیے جاتے ہیں جن میں دُھوپ سے بچنے کے لیے چھتری وغیرہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ مرکز میں مردوں اور خواتین کے آرام کے لیے دو علاحدہ ہال تیار کیے گئے ہیں۔ ان ہالوں میں "مساج" کے لیے مخصوص کرسیاں نصب کی گئی ہیں جن پر براجمان ہو کر عازمین اپنے سفر کی تھکاوٹ کو دُور کر سکتے ہیں۔ اس دوران عازمین حج کی رہ نمائی اور خدمت کے لیے مرکز کے مرد اور خواتین اہل کار ہر دم چاق و چوبند اور سرگرم ہوتے ہیں۔

یہ تمام تفصیلات مکہ مکرمہ میں واقع "فیلڈ سروسز ہیڈ کوارٹر" کے استقبالیہ سیکشن کی انتظامیہ کی جانب سے منعقد ایک تقریب میں سامنے آئیں۔ تقریب میں سعودی وزارت حج و عمرہ کے سکریٹری حسین الشریف اور دیگر اعلی عہدے داران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سکریٹری حسین الشریف نے عازمین حج کے استقبال کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز کی جانب سے عازمین کو دیگر خدمات کی فراہمی کے علاوہ قرآن کریم کے نسخے، مسنون دعاؤں اور اذکار کے کتابچے اور دینی کتب بھی پیش کی جاتی ہیں۔

اس دوران مرکز پہنچنے والے مختلف ممالک کے عازمین نے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے بھرپور استقبال اور دیگر خدمات کے لیے انتہائی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی حکومت کی جانب سے عازمین حج کو پیش کی جانے والی خدمات پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تشکر کیا۔ عازمین کے مطابق مملکت کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی وہ شان دار خدمات اور انتظامات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں