اقوام متحدہ کی حوثی ملیشیا کو ’حکومتی عہدیدار‘ کہنے پر معذرت
اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آباد کاری نے یمن کی حکومت سے ایران نواز حوثی ملیشیا کو ’حکومتی عہدیدار‘ قرار دینے کے ایک بیان پر معذرت کی ہے۔
’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کی طرف سے یمنی حکومت کو ایک مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں یمن میں ادارے کے مندوب برائے انسانی حقوق کی حوثی ملیشیا کی ایک تقریب میں شرکت اور انہیں ’حکومتی عہدیدار‘ قرار دینے پر معذرت کی ہے۔
مکتوب کی ایک نقل اقوام متحدہ میں یمن کے مندوب کو بھی موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’یو این آباد کاری فنڈ‘ کی جانب سے حوثی ملیشیا کو حکومتی عہدیدار قرار دینے اور ویب سائیٹ پر اس کا تحریری الفاظ میں بیان جاری کرنا ایک غلطی تھی۔ اس غلطی کی اصلاح کر لی گئی ہے۔
یو این فنڈ کی طرف سے عہد کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ حوثیوں کو یمن کے حکومتی عہدیداروں میں شامل نہیں کرے گا اور اس طرح کی غلطی دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی۔