.

مصرمیں ذہنی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے "ہنسی کلب" کا قیام

کلب میں گاہکوں کو، چائے، کافی کے ساتھ تفریح فراہم کی جاتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں کام کے بوجھ ، تھکاوٹ اور معاشی دبائو میں کمی لانے کے لیے تین دوستوں نے مل کر "ہنسی کلب" قائم کیا ہے۔ یہاں آنے والے افراد کو ہنسانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ان کے لیے تفریح کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دارالحکومت قاہرہ کے وسط میں شاہراہ عدلی پر واقع "ہنسی کلب"کا قیام تین ماہ قبل عمل میں‌لایا گیا تھا۔ یہ کلب تین دوستوں احمد عبدالفتاح، احمد حسام اور محمد الشربینی نے مل کرقائم کیا۔ تینوں کے ذہن میں یہ تخیل ایک کیفے کے قیام کے دوران آیا۔ انہوں نے ایک ایسا کلب بنانے کا فیصلہ کیا جہاں لوگوں کو چائے اور کافی کے ساتھ ساتھ ہنسی مذاق کا بھی ماحول فراہم کیا جائے۔ مصر میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد کلب ہے۔

کلب کے رکن محمد الشربینی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی کم قیمت پر اپنے گاہکوں کو طربیہ ماحول اور تفریح کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ یہ جگہ ڈیپریشن اور کسی بھی پریشان کے لیے اظہار کے لیے نہیں بلکہ یہاں آنے والے افراد کو خوش خوش رہنا ہوتا ہے۔ کلب میں مزاحیہ ادا کاروں کے فقرے سنائے جاتے ہیں اور ان کے اعصابی تنائو کو کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کلب کےقیام کا مقصد لوگوں میں خوشی بانٹنا اور ان کی پریشانیوں کو دور کرنا ہے۔ یہاں پر آنے والوں کو ان کی پسند کی موسیقی بھی سنائی جاتی ہے۔ کلب کی میزوں پر کتابیں بھی رکھی جاتی ہیں اور کلب سے کتاب عاریتا مطالعے کے لیے حاصل کی جا سکتی ہے۔