.

الضالع میں یمنی فوج نے اہم تزویراتی مقامات باغیوں سے آزاد کرالیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے جنوبی علاقے الضالع میں دمت کے محاذ پر لڑائی کے دوران ایران نواز حوثیوں کو تزویراتی اہمیت کے حامل مقامات سے پسپا کردیا۔ لڑائی میں حوثیوں کو جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔ دمت میں تازہ لڑائی میں 20 حوثی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن کی سرکاری فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے دمت میں 'الثعیل'، المرحوجہ الصغری اور الحقب کو باغیوں سے آزاد کرلیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تازہ لڑائی میں حوثیوں کے ایک فیلڈ کمانڈر محمد مھدی الشھاری سمیت 12 حوثی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ فوج کے ساتھ جھڑپوں کے بعد حوثی جنگجو اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

قبل ازیں عمران گورنری سے حجور گورنری کے لیے آنے کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں پر عرب اتحادی فوج کی طرف سے بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں نجیب حمود الغولی سمیت 30 باغی ہلاک ہوگئے

ادھر حجور گورنری میں عرب اتحاد کی طرف سے شہریوں کو خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لاجسٹک مواد اور ادویات کی فراہمی بھی جاری ہے۔