غزہ پٹی: حقِ واپسی کی ریلیوں کا سال مکمل، اسرائیلی فائرنگ سے 1 فلسطینی جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

غزہ پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح اسرائیل کے ساتھ سرحد کے نزدیک مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 20 سالہ فلسطینی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

واضح رہے کہ فلسطینی عوام آج ہفتے کے روز اسرائیل کے ساتھ غزہ پٹی کی سرحد پر "حق واپسی ریلیوں" کا ایک سال مکمل ہونے کا دن منا رہے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ فلسطینی نوجوان محمد جہاد سعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بیساکھی کے سہارے پر تھا۔ وہ سرحد سے 200 میٹر کی دوری پر پہنچا تو صہیونی فوجیوں نے اس کو نشانہ بنا کر فائرنگ کر ڈالی۔

عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کو صبح سویرے 30 نوجوان غزہ شہر کے مشرق میں سرحدی باڑ کے نزدیک جمع ہو گئے تھے۔

قابض اسرائیلی فوج کے ترجمان نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

توقع ہے کہ آج "حق واپسی کی بڑی ریلیوں" کے سلسلے میں ہزاروں فلسطینی غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد کے مختلف مقامات پر احتجاج کے لیے اکٹھا ہوں گے۔

ادھر فلسطینی گروپوں کے ذمے داران کا یہ کہنا ہے کہ مصر کے توسط سے اسرائیل کے ساتھ نئی مفاہمت عمل میں آئی ہے تا کہ غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحدی باڑ پر صورت حال پر سکون رہے۔ گزشتہ روز جمعے کی صبح مذکورہ علاقے میں حالات پر سکون رہے جب کہ اسرائیل نے سرحد کی دوسری جانب اپنی عسکری کمک میں اضافہ کر دیا۔

غزہ پٹی میں احتجاج کنندگان محاصرہ ختم کرنے اور اُن فلسطینیوں کو واپسی کا حق دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جن کے خاندان 1948 میں اسرائیلی ریاست کے قیام کے موقع پر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے تھے یا مجبور کر دیے گئے تھے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی اس واپسی کو مسترد کرتا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اسرائیلی محاصرہ غزہ پٹی میں غربت کا مرکزی سبب ہے۔ ادھر اسرائیل کا موقف ہے کہ اس نے محاصرہ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے عائد کر رکھا ہے۔

دسمبر 2018 میں اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ پٹی میں بے روزگاری کی شرح 54% ہو چکی ہے اور نوجوانوں کے درمیان یہ تناسب 70% کے قریب ہے۔


فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (اونروا) نے جمعے کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران ہفتہ وار احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد کے نتیجے میں "غزہ پٹی میں صحت کا نظام تباہی کے دہانے کے قریب پہنچ چکا ہے"۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں