علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب سے رابطے میں ہیں: مصری صدر السیسی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ درپیش چیلنجز میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی سلامتی اورا ستحکام کو لاحق خطرات سے نمٹا جاسکے۔

وہ ہفتے کے روز قاہرہ میں متعیّن سعودی سفیر اسامہ بن احمد نقلی سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مملکت کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں کے خلاف مصر کی جانب سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

مصری ایوانِ صدر کے ترجمان بسام راضی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ سعودی سفیر نے ملاقات میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نیک خواہشات کا پیغام صدر عبدالفتاح السیسی کو پہنچایا ہے ۔

انھوں نے مصری صدر کو مئی کے آخر میں مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے آیندہ چودھویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔

واضح رہے کہ مصر کی وزارت خارجہ نے گذشتہ منگل کے رو ز سعودی عرب میں تیل کے دو پمپنگ اسٹیشنوں پر بارود سے لدے ڈرون طیاروں کے حملوں کی مذمت کی تھی اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں سے نمٹنے کے لیے مملکت کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے ان ڈرون حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں