عُمان فلسطینی علاقوں میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا
خلیجی ریاست عُمان نے فلسطینی عوام کی حمایت کےلیے فلسطینی علاقوں میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عُمان کی وزارت خارجہ نے بدھ کو ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’فلسطینی عوام کی حمایت کے تسلسل کے طور پر سلطنت آف عُمان نے ریاستِ فلسطین میں ایمبیسی کی سطح پر اپنا سفارتی مشن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عُمان کا ایک وفد غربِ اردن کے شہر رام اللہ میں سفارت خانہ کھولنے کے سلسلے میں جلد جائے گا۔اس نے یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے ، جب بحرین کے دارالحکومت منامہ میں امریکا کے زیر اہتمام دو روزہ اقتصادی ورکشاپ جاری ہے۔اس میں فلسطینی علاقوں کی تعمیر وترقی کے لیے امریکا کے مجوزہ امن منصوبے کے اقتصادی پہلو پر غور کیا جارہا ہے۔