عمانی وزیرخارجہ کا دورہ شام، بشارالاسد سے ملاقات
خلیجی ریاست سلطنت عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے اتوار کے روز شام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شامی صدر بشارالاسد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ملکوں کے حالات پر بتادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ کسی خلیجی عرب ملک کے وزیر خارجہ کا دورہ دمشق حیران کن ہے۔ سنہ 2011ء سے شام میں جاری خانہ جنگی کے بعد کسی خلیجی وزیر کا دمشق کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل اکتوبر 2015ء کو بھی ایک خلیجی وزیر دمشق کا دورہ کرچکے ہیں۔
سلطنت عمان کی وزارت خارجہ کی طرف سے 'ٹویٹر' پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے دمشق میں صدر بشارالاسد سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ دمشق دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، امن مساعی کو آگے بڑھانے اور خطے میں امن واستحکام کی بحالی کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
بن علوی نے اپنے شامی ہم منصب ولید المعلم سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دو عرب ممالک اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ شام میں خانہ جنگی کے بعد ولید المعلم دو بار مسقط کا دورہ کرچکے ہیں۔
دیگر خلیجی ملکوں کے برعکس سلطنت عمان نے دمشق کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع نہیں کیے اور دونوں ملکوں کے درمیان روابط بدستور برقرار رہے ہیں۔