ابوظبی کے ولی عہد کا مصری نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے لیے 5 کروڑ مصری پاؤنڈ کا عطیہ
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے قاہرہ میں پیر کے روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے لیے 5 کروڑ مصری پاؤنڈ کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے پیر کو علی الصبح مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کے باہر ہونے والے دھماکے کی پرزور مذمت کی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
امارات کی وزارت برائے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مجرمانہ عمل دینی اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔
وزارت نے بیان میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے دھماکے کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں سے گہری تعزیت اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی تنماؤں کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا گیا کہ امارات دہشت گردی کو ہر صورت میں یکسر مسترد کرتا ہے اور اس کے خلاف ثابت قدمی سے جما ہوا ہے۔