.

مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پراسرائیلی پولیس گردی قابل مذمت ہے: سعودی عرب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے کل عید کے روز مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک سینیر عہدیدار نے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ میں عید کے روز اسرائیلی پولیس گردی، مسجد اقصیٰ میں نماز کے لیےآنے والے فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد اور قبلہ اول کی بے حرمتی قابل مذمت ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی'ایس پی اے' کے مطابق مملکت نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کی یلغار کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے قبلہ اول کے تقدس کو پامال کرنے سے باز رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج پولیس کی یلغار ناقابل قبول اور اشتعال انگیز ہے۔ اسرائیلی پولیس گردی کے خلاف سعودی عرب فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی پولیس قبلہ اول میں یہودی آباد کاروں کے داخلے کی راہ ہموار کرنا چاہتی تھی اور اس نے وہاں پر عید کی نماز کے لیےجمع فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کیا۔ دوسری طرف فلسطینیوں نے جانوں پر کھیل کر قبلہ اول میں یہودی آباد کاروں کے دھاوے ناکام بنا دیے۔