.

اسرائیل نے فلسطینی وزیر امور بیت المقدس کو حراست میں لے لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقبوضہ بیت المقدس سے ’’العربیہ‘‘ نیوز چینل کے نمائندے نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حکام نے بدھ کے روز فلسطینی حکومت میں بیت المقدس کے امور کے وزیر فادی الہدمی کو گرفتار کر لیا۔

اس سے قبل فادی کو رواں سال جولائی کے اواخر میں بھی بیت المقدس کے مشرقی حصے سے گرفتار کر کے چند گھنٹے حراست میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران اسرائیلی پولیس نے اُن سے بیت المقدس میں فلسطینی سیاسی سرگرمی کے حوالے سے پوچھ تاچھ کی تھی۔

قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے وقتا فوقتا مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی عہدیداران کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اسرائیلی حکام کا موقف ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ضمن میں ان حکام کا کام کرنا بیت المقدس پر اسرائیلی سیادت کو ضرر پہنچاتا ہے۔

بیت المقدس کے گورنر عدنان غیث کو بھی کئی بار گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آخری مرتبہ ان کو رواں سال اپریل میں حراست میں لیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ فلسطینی اعداد وشمار کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں 5700 کے قریب فلسطینی اسیران موجود ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔