.

اماراتی خلابازھزاع المنصوری کی خلاء سے مکہ معظمہ کی تازہ تصویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے خلاباز ہزاع المنصوری نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خلاء سے مکہ معظمہ کی کھینچی گئی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جو ان کی خلاء سے بھیجی گئی دوسری تصویر ہے۔

اس تصویر کے ساتھ ھزاع المنصوری نے ایمان افروز تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 'یہ وہ مکہ معظمہ ہے جس کی طرف اہل ایمان کے دل کھنچے چلے آتے ہیں، جس کے دیدار کے لیے مسلمان ہروقت دعائیں کرتے ہیں اور جہاں پہنچ کراپنے دلوں کی مرادیں مانگتے اور اپنے پرور دگار سے دعائیں مانگتے ہیں۔ برادر ملک سعودی عرب کے لیے بھرپورمحبت اور عقیدت کے ساتھ مکہ معظمہ کی تصویر پیش کی جاتی ہے'۔

قبل ازیں 29 ستمبر کو خلاباز ھزاع المنصوری نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے کھینچی گئی زمین کی ایک تصویر ارسال کی۔ خلاء میں جانے کے بعد یہ ان کی پہلی تصویرتھی ۔

اس تصویر کے ساتھ ھزاع المنصوری کی طرف سے ایک پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں وہ فخریہ انداز میں کہا کہ 'آخر کارمیں نے اپنے خواب کو آسمان کی دوسری طرف سے پورا کردیا۔ ھزاع کی نگاہیں خلاء سے زمین پر ہیں۔ میں نے خلائی اسٹیشن سے زمین کی پہلی تصویر لی ہے جسے زمین پر بھیجا جا رہا ہے۔

ہزاع علی المنصوری نے بدھ کے روز پہلے اماراتی خلاباز کی حیثیت سے 61-62 خلائی مشن کے دیگر ممبروں کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے خلائی سفر کا آغاز کیا۔

ان کا یہ سفر قازقستان میں بائیکونور کاسمڈرووم سنٹر انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے شروع ہوا۔ یہ مشن 187 دن جاری رہے گا جس میں ان کے ہمراہ امریکی خلائی ادارے 'ناسا' کےخلاباز جسیکا میر اور روسی خلائی ادارے کے اولیگ اسکریپوچکا شامل ہیں۔

اس سفر کے فورا بعد متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع اور دبئی کے حکمران محمد بن راشد نے ٹویٹ کیا کہ "ہزاع المنصوری کی خلاء میں روانگی تمام عرب نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم آگے بڑھ سکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ مل ستاروں پرکمندیں ڈال سکتے ہیں۔ ہمارا اگلا پڑاؤ مریخ ہے جس میں امید ہے کہ ہمارے نوجوانوں کی گئی تحقیق مریخ تک کے سفر میں مدد گار ثابت ہوگی۔