سعودی عرب: درعیہ گیٹ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد آج رکھا جائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال مغربی مضافات میں واقع شہر "درعیہ" مملکت کے اندرون اور بیرون سے آنے والے سیاحوں کو اپنی تاریخی داستان پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں آج بدھ کے روز ایک شان دار تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، درعیہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ اور دنیا کے مختلف ملکوں سے 600 شخصیات شرکت کریں گی۔

درعیہ (سعودی ریاست کا پہلا دارالحکومت) میں آج کی اس تقریب میں درعیہ گیٹ پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد تاریخی اہمیت کے حامل علاقے کو قومی اور ثقافتی ورثے کے طور پر تیار کرنا ہے تا کہ یہ مقامی اور عالمی سطح پر ایک سیاحتی مقام بن جائے۔

سیاحت اور قومی ورثے کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ احمد الخطیب نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو میں بتایا کہ 2030 تک درعیہ آنے والے سیاحوں کی تعداد 1 کروڑ تک پہنچانے کا ہدف متعین کیا گیا ہے۔ الخطیب کے مطابق آج کی تقریب میں ایک لائیو شو کے دوران سعودی ریاست کے تین ادوار کی تاریخ کو پیش کیا جائے گا۔

درعیہ گیٹ پروجیکٹ کی تقریب سے حاضرین کے علاوہ ناظرین بھی ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ تقریب میں آتش بازی کے شان دار مظاہرے، لندن آرکسٹرا بینڈ کی موسیقی اور درجنوں دل چسپ سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ درعیہ گیٹ پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو جیری انزیللو نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ خادم حرمین شریفین کے مہمانان گرامی کے اعزاز میں ایک پُرتعیش شاہی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

آج کی تقریب میں ڈرون طیاروں کے ذریعے آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا اور پہلی مرتبہ یہ برعکس شکل میں آسمان سے زمین کی طرف آئے گی۔

تقریب میں سنگ بنیاد کے سلسلے میں جو پتھر استعمال کیا جائے گا وہ درعیہ کی عمارتوں میں استعمال ہونے والی روایتی مٹی سے بنایا گیا ہے۔ اس پر "جوهرة المملكة" (مملکت کا موتی) کا جملہ کندہ کیا گیا ہے۔

درعیہ گیٹ پروجیکٹ کو 2020 میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے پر 64 ارب ریال خرچ ہوں گے اور یہ مملکت کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ تقریبا سات مربع کلو میٹر رقبے پر پھیلے اس منصوبے میں ایک لاکھ کے قریب افراد سما جائیں گے۔ ان میں ورکرز، مہمانان، مقیم افراد اور طلبہ شامل ہوں گے۔

درعیہ کا علاقہ وافر طور پر سرسبز اراضی کا حامل ہے جو وہاں آنے والوں اور مقیم افراد کو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ درعیہ گیٹ پروجیکٹ کے اطراف وادی حنیفہ واقع ہے۔ تقریبا دو مربع کلو میٹر رقبے پر مشتمل یہ وادی ،،، کھجور کے درختوں سے بھری ہوئی ہے۔ یہ علاقہ تفریحی سرگرمیوں اور کھلی ہوا کے تجربے کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔

آئندہ چند ماہ کے دوران فرما رواؤں اور ہیروز کی یہ سرزمین کئی سرگرمیوں کی میزبانی کرے گی۔ درعیہ میں 22 اور 23 نومبر کو ABB FIA Formula E کار ریس چیمپین شپ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ ماہ 7 دسمبر کو یہاں ہیوی ویٹ کیٹگری میں باکسنگ کی عالمی چیمپین شپ بھی ہو گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں