الجوف میں یمنی فوج کے ساتھ لڑائی کے دوران 19 حوثی ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

یمن کے شمال مشرقی صوبے الجوف میں یمنی فوج کے ساتھ لڑائی میں درجنوں حوثی جنگجو اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کے روز جبال یام کے شمال میں الساقیہ کے محاذ پر یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 19 حوثی جنگجو مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ جھڑپوں کے دوران توپوں سے گولہ باری کی گئی اور یمنی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے طیاروں نے حوثی ملیشیا کے جتھوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران باغیوں کی ایک فوجی گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔

العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے نمائندے کے مطابق منگل کی شام اتحادی طیاروں نے الجوف صوبے کے علاقے الغیل میں حوثیوں کی ٹولیوں اور ٹھکانوں پر کئی فضائی حملے کیے۔

ادھر یمنی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران الجوف صوبے میں معرکوں کے دوران 80 سے زیادہ حوثی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب یمنی فوج نے منگل کے روز تعز شہر کے مغربی محاذ پر بڑی پیش قدمی کو یقینی بنایا۔ مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کے مطابق تعز شہر کے مغرب میں واقع الضباب کے محاذ حوثیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران یمنی فوج تباب الذیاب، المضیض، الراعی، الذروہ اور الزاہرکے علاقے آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئی۔

مقبول خبریں اہم خبریں