سعودی عرب میں جاری بازوں کی پہلی نیلامی میں 20 روز کے دوران ایک کروڑ ریال سے زیادہ کے 102 باز فروخت کیے گئے۔ اس نیلامی کا انعقاد سعودی فیلکن کلب کی جانب سے ریاض کے شمال میں واقع علاقے ملہم میں کنگ عبدالعزیز فیلکن فیسٹول کی اراضی پر کیا جا رہا ہے۔ فروخت ہونے والے پرندوں میں چار اقسام کے باز شامل ہیں۔
مبصرین کے نزدیک بازوں کی پہلی نیلامی اس پرندے کے حوالے سے سرمایہ کاری کی سپورٹ کے نئے دروازے کھولنے میں کامیاب رہی ہے۔ یہ ویژن 2030ء کی روشنی میں قومی معیشت کے لیے ایک اہم سرگرمی ثابت ہو گی۔ علاوہ ازیں یہ سعودی عرب میں بازوں کے شکار سے مربوط ثقافتی، تہذیبی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔ مبصرین کے مطابق سعودی فیلکن کلب نے اس نیلامی کے حوالے سے مقررہ اہداف کو یقینی بنایا ہے۔ ان میں سعودی عرب میں بازوں کے میدان میں سرمایہ کاری، بازوں کے نیلاموں کی ترقی اور خرید و فروخت کے لیے میکانزم وضع کرنا چامل ہے۔
فیلکن کلب نے اس نیلامی کے ذریعے مملکت میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو متوجہ کیا ہے۔ ان میں بازوں کے نیلاموں کے منتظمین اور باز پالنے والے حضرات کے علاوہ بازوں میں دل چسپی رکھنے والی بڑی شخصیات اور عام شہری شامل ہیں۔