یوسی کوہن کی جگہ اسرائیلی موساد کے نئے ڈائریکٹر ’ڈی‘ کا تقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خفیہ ایجنسی موساد کے نئے ڈائریکٹر کا تقرر کیا ہے۔فی الوقت صرف ’ڈی‘ کے نام سے شناخت کیے گئے نئے ڈائریکٹر موساد کے موجودہ سربراہ یوسی کوہن کی جگہ لیں گے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ نیتن یاہو نے موساد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی کو ایجنسی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’ڈی‘ موساد کے ایک تجربہ کار جہان دیدہ افسر ہیں۔‘‘

Advertisement

سرکاری بیان کے مطابق اب ایک خصوصی کمیٹی مسٹر ڈی کے تقرر کی منظوری دے گی۔یہ کمیٹی اسرائیل میں اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تقرر کی منظوری دینے کی مجاز ہے۔اسرائیلی اخبار یروشلیم پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر کمیٹی نے منظوری دے دی تو نئے ڈائریکٹر جون 2021ء میں یوسی کوہن کے سبکدوش ہونے کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل روایتی طور پر موساد کےاعلیٰ عہدے داروں کے ناموں کو ظاہر نہیں کرتا ہے اور صرف ڈائریکٹر کا نام ظاہر کیا جاتا ہے کیونکہ لوگ اس کی شناخت سے عام طور پر آگاہ ہوتے ہیں۔

لیکن یوسی کوہن اپنے پیش رو بیشتر ڈائریکٹروں کے مقابلے میں اسرائیل کی خارجہ انٹیلی جنس سروس کے زیادہ نمایاں سربراہ رہے ہیں۔انھوں نے اسرائیل کے حال ہی میں تین عرب ممالک کے ساتھ امن معاہدوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

وہ ماضی میں موساد کے نائب سربراہ رہے تھے۔ وہ وزیراعظم نیتن یاہو کے قومی سلامتی کے مشیر بھی رہ چکے ہیں اور انھیں 2015ء میں موساد کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

انھوں نے حال ہی میں عرب دنیا کے بعض ملکوں کے دورے کیے تھے۔ بالخصوص بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں امن معاہدے طے کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایران نے گذشتہ ماہ اپنے جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کا الزام بھی کوہن کے زیرقیادت موساد پر عاید کیا تھا لیکن اسرائیل نے ابھی تک اس الزام کی تردید کی ہے اور نہ اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیاہے۔ایران ماضی میں بھی اسرائیل پر اپنے دو سرکردہ جوہری سائنس دانوں کو قتل کرانے کا الزام عاید کرچکا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں