سعودی عرب کی'وادی لجب' سنگلاخ پہاڑی چٹانوں پر مشتمل ہے مگر یہ جتنی ہی پیچیدہ ہے اتنی ہی سیاحوں اور مہم جوئی کے شوقین حضرات کے لیے پسندیدہ مقام ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اگرچہ یہ ایک وادی اور بھاری بھرم چٹانوں پر مشتمل ہے لیکن یہ اس میں پانی کا بہائو لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ اس بہائو سے ایسے ایسے مناظر بنتے ہیں کہ سیاح ان میں کھو کر رہ جاتے ہیں۔ وادی کے مناظر ایک انوکھا جمالیاتی کردار پیش کرتے ہیں۔
یہ وادی جسے 'وادی لجب' کے نام سے جانا جاتا ہے سعودی عرب کے جنوب میں واقع ہے۔ یہ سیاحوں کا پسندیدہ مقام سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک قدرتی پتھریلی ویلی ہے جو پانی کے بہاؤ سے بتی چلی گئی۔
تاریخی ورثہ سے دلچسپی رکھنے والے تجزیہ نگار ولید العبیدی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا وادی لجب کو ایک انتہائی خطرناک وادی سمجھا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے تنگ راستے اور اس کے کنارے کی اونچائی خطرناک ہے۔ اس کی اونچائی 300 سے 800 میٹر کے درمیان ہے جب کہ لمبائی 15 کلومیٹر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وادی لجب کو اس کے سبز رنگوں سے پہچانا جاتا ہے جو درختوں اور جڑی بوٹیوں سے ڈھکی ہوئی ہے جبکہ چٹانی وادی کے اطراف گرینائٹ ، سنگ مرمر ، بیسالٹ اور آگنیس چٹانوں کی پرتیں اور الخر چٹانیں چھت کی طرح کھڑی ہیں۔
العبیدی نے کہا کہ وادی سعودی عرب کا ایک انتہائی اہم سیاحتی علاقہ ہے۔ یہ فوٹو گرافی کے شوقین افراد اور ہائیکنگ کی مہم جوئی کے لئے ایک بہترین مقام بھی سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ خوبصورت مناظر سے بھرپور ہے۔ یہاں پانی کے بہاؤ اور جادوئی آبشاروں کے مناظر سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں۔