الدرعیہ بارے تاریخی معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے 150 گھنٹے کی طویل ریکارڈنگ
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ کمیشن نے گذشتہ ایک سال کے دوران 'اورل ہسٹری پروگرام' کے تحت الدرعیہ کے علاقے میں بزرگ شہریوں سے علاقے کی تاریخ، تہذیب و ثقافت کے بارے میں 150 گھنٹے کی ریکارڈنگ مکمل کی۔ اس ریکارڈنگ میں بزرگ شہریوں کےویڈیوز انٹرویوز شامل ہیں جن میں انہوں نے علاقے کی تاریخ کے بارے میں سینہ بہ سینہ منتقل ہونے والی سیر حاصل معلومات فراہم کیں۔

الدرعیہ ڈویپلمنٹ کمیشن نے اس پروجیکٹ کا آغاز پچھلے سال کیا تھا۔ اس کا مقصد الدرعیہ خطے کے تاریخی مشاہدات، ورثے اور پرانی تمدن کے بارے میں بزرگوں کے تاثرات اور شہادتوں کو دستاویزی شکل دینا تھا، تاکہ مملکت میں ثقافت کے اس جوہر کوآنے والی نسلوں تک پہنچایا جا سکے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ 'اورل ہسٹری پروجیکٹ' اس کے اہم اور کامیاب پروگرامات میں سے ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے علاقائی ثقافت کی تاریخ کو دستاویزی شکل دینے والی ٹیم نے پیشہ وارانہ مہارت کے مطابق خدمات انجام دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ زبانی تاریخی معلومات کے حصول کے اس پروگرام کے ذریعے الدرعیہ کے بزرگ شہریوں سے علاقائی روایات، کہانیوں اور خطے کی مخصوص تاریخ کے بارے میں سینہ بہ سینہ منتقل ہونے والی معلومات کو عام کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقائی تاریخ کے بارے میں معلومات کو محض تصاویر کے ذریعے یا غیر مستند روایات کے انداز میں مربوط نہیں کیا گیا بلکہ واقعات کے حقائق کے لیے ایک ہی موضوع پر کئی شہریوں سے معلومات جمع کی گئیں۔
الدرعیہ ڈویپلمنٹ کمیشن کا کہنا ہے کہ الدرعیہ کی تاریخ اور واقعات کی تصدیق اور زیادہ سے زیادہ شہادتوں کے حصول کے لیے سائنسی طریقہ کار اپنائے گئے۔