سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج اپنے خلیجی ممالک کے دورے کی پانچویں اور آخری منزل کویت پہنچیں گے۔ انہوں نے دورے کا آغاز منگل کے روز کیا تھا۔
اس سے قبل کویت کے کابینہ کے امور کے وزیر مملکت شیخ احمد ناصر المحمد الصباح نے باور کرایا تھا کہ "ان کا ملک اس اہم دورے کی راہ دیکھ رہا ہے جو دونوں ملکوں کے بیچ مضبوط تعلقات کی دیوار میں ایک اور اینٹ کا اضافہ کرے گا"۔ ایک اخبار بیان میں ان کا کہنا تھا کہ "کویتی عوام اس اہم دورے کو بھرپور طریقے سے منانے کی تیاری میں ہیں ،،، یہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو اکٹھا کرنے والے تاریخی تعلقات کا پھیلاؤ ہے"۔
شہزادہ محمد بن سلمان کے ولی عہد بننے کے بعد یہ ان کا کویت کا تیسرا دورہ ہے۔ انہوں نے پہلا سرکاری دورہ مئی 2015ء اور دوسرا دورہ ستمبر 2018ء میں کیا تھا۔
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے جون 2021ء میں بطور ولی عہد سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا تھا۔
کویت اور سعودی عرب نے 2018ء میں کویتی سعودی رابطہ کاری کونسل کے قیام کے سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے سب سے پہلے سلطنت عُمان کا دورہ کیا۔ اس کے بعد وہ امارات ، قطر اور بحرین گئے تھے۔
شہزادہ محمد سلمان کا دورہ خلیج تعاون کونسل کے 42 ویں سربراہ اجلاس سے قبل کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس رواں ماہ سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔