سعودی عرب نے فلسطینی قصبے جنین پر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس حملے میں نو فلسطینی شہید اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اسرائیلی کے فلسطینی قصبے پردھاوا بولنے کی مذمت کرتی ہےجس کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے ہیں۔
وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ’’سعودی عرب اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کومسترد کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ (فلسطینی علاقوں) پرقبضہ ختم کرانے، اسرائیلی اشتعال انگیزی اور جارحیت کو روکنے اور فلسطینی شہریوں کو ضروری تحفظ مہیّاکرنے کی ذمہ داری قبول کرے‘‘۔
کویت اور عمان نے بھی اسرائیلی فوج کی اس جارحانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے فلسطینی مسلح گروپ جہادِاسلامی کے ارکان کو حراست میں لینے کے لیے جنین میں خصوصی دستے بھیجے تھے۔ان پردہشت گردی کے متعدد بڑے (مزاحمتی) حملوں' کی منصوبہ بندی کرنے کا شُبہ تھا۔انھوں نے پہلے فائرنگ کی تھی اور اس کے جواب میں انھیں گولیوں کا نشانہ بنایاگیا ہے۔
اقوام متحدہ اورعرب ثالثوں نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے ساتھ اس امید میں بات چیت کررہے ہیں کہ جنین سمیت مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں تشدد کے تازہ واقعات کے بعد کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔اس علاقے میں اسرائیلی فوج نے گذشتہ سال فلسطینیوں کے خلاف متعددجارحانہ کارروائیاں کی تھیں۔