مصری صدرالسیسی کا سرکاری ملازمین کی تن خواہوں اور پنشن میں اضافے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی نے عوام پرمعاشی دباؤ کو کم کرنے کے مقصد سے سرکاری ملازمین کی تن خواہوں اور پنشن میں اضافے سمیت اقدامات کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے جمعرات کو یہ فیصلہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے نفاذ کے چند گھنٹے کے بعد کیا ہے۔

صدرکے اعلان کے مطابق اپریل سے سرکاری ملازمین کی ماہانہ تن خواہوں میں کم سےکم ایک ہزار مصری پاؤنڈ (33 ڈالر) کا اضافہ کیا جائے گا اورمختلف گریڈ کے سرکاری ملازمین کی کم سے کم ماہانہ اُجرت 3500 پاؤنڈ سے 7000 پاؤنڈ تک کی جائے گی۔

مصرکی معیشت گذشتہ ایک سال کے دوران میں شدید دباؤ کا شکاررہی ہے، کرنسی تیزی سے کمزور ہو رہی ہے،غیرملکی کرنسی کی دستیابی کم ہو رہی ہے، اور افراطِ زر میں تیزی آئی ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق جنوری میں افراط زر کی شرح 25 فی صد سے زیادہ رہی اور کچھ بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

پیٹرول کی قیمتوں میں جمعرات کو سہ ماہی جائزے کے حصے کے طور پر اضافہ کیا گیا ہے۔اس کا مقصد انھیں عالمی قیمتوں کے مطابق رکھناہے۔

نئے اقدامات میں پنشن میں 15 فی صد اضافے اور سالانہ آمدن پر ٹیکس استثنا الاؤنس 24 ہزار پاؤنڈ سے بڑھا کر 30 ہزار پاؤنڈ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

جنوبی علاقے منیا کے دورے کے موقع پرصدر السیسی نے حکومت کے تکافل اور کرمہ پروگرام کے تحت سماجی تحفظ کی نقد ادائی میں 25 فی صد اضافے کا بھی اعلان کیا۔اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کوماہانہ 60 پاؤنڈ سے 450 پاؤنڈ تک ادا کیے جاتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں