"کریپ اور پینکیک"، غزہ میں ایک گھر کے کچن سے اسرائیلیوں کی اشتعال انگیز ویڈیو!
غزہ کے بچے 3 ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیل کی جانب سے پٹی پر مسلط کیے گئے خوفناک محاصرے کی وجہ سے لکڑی کی آگ پر کھانا پکا رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیلی فوجی ایک گھر کے مالکان کو نکال باہر کر نے کے بعد اس کے کچن میں میں رات کا کھانا تیار کرنے پر فخر کا اظہار کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ صارفین نے اسے "اشتعال انگیز" قرار دیا ہے۔اس میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی شمالی غزہ کی پٹی کے ایک گھر میں اپنے لیے کھانا تیار کر رہے ہیں جب کہ اس کے مالکان کو بے گھر کردیا گیا ہے جو اس وقت کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔
Israeli chefs in the kitchen of a senior Hamas terrorist. pic.twitter.com/PzzEgtIQbp
— Mossad Commentary (@MOSSADil) January 9, 2024
اسرائیلی ویب سائٹس نے معاملے کی تصدیق کیے بغیر اشارہ کیا کہ یہ گھر حماس تحریک کے ایک رہ نما کا ہے۔
سپاہی چولہے کے سامنے (کریپ اور پینکیکس) تیار کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ دونوں مغربی کھانے ہیں جب کہ ایک اور اہلکار نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی۔ ساتھ ہی وہ عبرانی بول رہا تھا۔ باورچی خانے کے باہر سے دوسرے فوجی کھانے کی میز پر نمودار ہوئے۔ وہ بہ ظاہر اپنے کھانے کا انتظار کر رہے تھے۔
یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ دوسری جانب غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری جاری ہے اور بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں۔
سوشل میڈیا غزہ کی پٹی کے ہولناک مناظر سے بھرا پڑا جب کہ اسرائیل نواز لوگوں کی جانب سے فلسطینیوں کی بے بسی کا مذاق اڑانے کی ان گنت ویڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔