غزہ کی دندان ساز کا جنگ کے دوران خیموں میں کام جاری
غزہ کا صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر، کوئی بھی ہسپتال مکمل فعال نہیں: اقوامِ متحدہ
غزہ میں ماہرِ امراضِ دنداں نجدہ صقر کی نئی سرجری کسی بھی دوسری سرجری کی طرح ہے سوائے اس کے کہ یہ ایک خیمے میں ہے اور انہیں باہر جنگ کی آوازوں کے درمیان اپنی بات سنانے کے لیے بآوازِ بلند بولنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اپنے مریضوں کو یقین دلانے کے لیے اپنی تمام پیشہ ورانہ اسناد دیوار پر لگا رکھی ہیں۔ اور ان کا سامانِ جراحت جدید ترین ہے حالانکہ وہ ریت پر پلاسٹک کی چادر پر بیٹھے ہیں۔
32 سالہ صقر نے کہا کہ ان کو جنگ کے اوائل میں وسطی غزہ میں نصیرات میں اپنی اصل سرجری کو ترک کرنا پڑا جب اسرائیلی حملوں میں "وہ علاقہ متعدد بار نشانہ بنا جس سے میرے کلینک کو شدید نقصان پہنچا۔"
دھماکوں نے زیادہ تر اندرونی حصہ تباہ کر دیا اور دانتوں کے ڈاکٹر نے اپنے ٹیبلٹ پر اے ایف پی کو دکھایا کہ سٹیل کا دروازہ بھی دھماکہ خیز مواد کے ٹکڑوں سے کیسے چھلنی ہو گیا تھا۔
لیکن جنگ اب بھی جاری ہے اور غزہ کا صحت کا نظام تباہ ہو رہا ہے تو صقر واپس آ گئے تاکہ دانتوں کے درد کے ساتھ آنے والے لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کر سکیں۔
انہوں نے کہا، "زیادہ تر دانتوں کے ڈاکٹر یا تو چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے یا ان کے کلینک کو نقصان پہنچا تھا اس لیے مجھے ایک عارضی کلینک قائم کرنے کا خیال آیا۔"
"میں اپنے کلینک گیا اور اپنی ڈینٹسٹ کی کرسی اور دیگر سامان واپس لینے میں کامیاب ہو گیا اور خیمہ لگانے سے پہلے انہیں رکشے میں یہاں پہنچایا۔"
نصیرات میں اپنے متبادل کلینک کے باہر ہونے والی لڑائی کے باوجود صقر صبر و ضبط سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے زیرِ علاج ایک نوجوان لڑکے کو پرسکون کیا جبکہ سر پر اڑتے ایک ڈرون کی آواز ان کی آواز کو دبا رہی تھی۔
انہوں نے کہا، "سب سے بڑی رکاوٹیں بجلی، پانی اور دانتوں کے آلات کی کمی ہیں جو دستیاب نہیں ہیں۔ اور اگر دستیاب ہیں بھی تو مہنگے بہت ہیں۔"
اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کا نظامِ صحت تباہی کے دہانے پر ہے اور گذشتہ دو ماہ سے اس کا کوئی بھی ہسپتال مکمل طور پر کام نہیں کر رہا۔
ان میں سے کچھ کے اردگرد کئی ہفتوں سے شدید لڑائی جاری ہے جو ان ہزاروں لوگوں کے لیے پناہ گاہ بھی بنے ہوئے ہیں جو اپنے گھر بار کھو چکے ہیں یا لڑائی سے فرار ہو کر آئے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت نے ہفتے کے روز کہا کہ محصور فلسطینی علاقے میں تقریباً 9000 مریضوں کو ہنگامی نگہداشت کے لیے انخلاء کی ضرورت تھی۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے ایکس پر کہا، "پورے غزہ میں صرف 10 ہسپتالوں کے کام کرنے کی وجہ سے ہزاروں مریض صحت کی نگہداشت سے محروم ہیں۔"
ڈبلیو ایچ او کے مطابق لڑائی شروع ہونے سے پہلے غزہ میں 36 ہسپتال تھے۔
حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی انتقامی مہم میں اب تک کم از کم 32,705 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
-
غزہ کے لیے تقریباً 400 ٹن خوراک کے ساتھ دوسری کھیپ قبرص کی بندرگاہ سے روانہ
رائٹرز کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ غزہ کے لیے تقریباً 400 ٹن خوراک لے جانے والی ...
مشرق وسطی -
اسرائیل نے غزہ کےقریب ملٹری زون قرار دیے گئے کچھ علاقے کھول دیے
اسرائیلی اخبار’یروشلم پوسٹ‘نے آج اتوار کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی ...
مشرق وسطی -
پاکستانی انسانی تنظیم کی غزہ کے 70 فلسطینی طلباء کی مدد کے لیے ماہانہ وظیفے کی پیشکش
طلباء کو یہ وطیفہ کم از کم چھے ماہ تک ملے گا: سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی
پاكستان