فلسطینی تحریک حماس نے اسرائیل پر ایران کے حالیہ میزائل حملوں کی حمائت کرتے ہوئے کہا ہے کہ' ایران کا یہ جائز حق تھا کہ اسرائیل کو دمشق حملے کا جواب دیتا کیونکہ اسرائیل اس چیز کا مستحق تھا کہ اسے جواب ملتا۔'
خیال رہے اسرائیل نے یکم اپریل کو دمشق میں قائم ایرانی قونصل خانے کو حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ جس کے جواب کے طور پر ہفتے کے روز اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔
حماس نے کہا ہے 'صہیونی شناخت کو یہ جواب ملنا چاہئے تھا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اسرائیل کو ایران نے اپنی سرزمین سے جواب دیا ہے۔ حماس کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ 'وقت آ گیا تھا کہ اسرائیل کو بتا دیا جاتا کہ وہ زمانے گئے جب اسرائیل کو جواب نہیں دیا جاتا تھا اب ایران نے جواب دے کر اس اسرائیلی گھمنڈ کو نشانہ بنایا ہے۔‘