رام اللّٰہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید دو فلسطینی نوجوان ہلاک
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے بھی اتوار کے روز ہونے والی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں 19 سالہ محمد ماجد موسیٰ جبرین اور 18 سالہ موسیٰ محمود موسیٰ جبرین شامل ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ادارے 'وفا' کے مطابق ہیبرون کے قریب بیت عینون گاؤں میں ان دو فلسطینی نوجوانوں کی ہلاکت کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ نیز اسرائیلی فوج نے نوجوانوں کو مارنے کے بعد بیت عینون پر دھاوا بول دیا اور کئی گھروں پر چھاپہ بھی مارا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں میں سے ایک نے گولی چلانے کی کوشش کی تھی۔ جبکہ دوسرے نے چاقو مارنے کی کوشش کی۔ جس کے جواب میں گولی چلائی گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق رواں ہفتے شمال مغربی کنارے میں نور شمس کیمپ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تقریباً 14 فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ رام اللّٰہ میں سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں تقریباً 483 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔