پانی کی کمی دور کرنے میں مددگار غذائیں، کھیرے اور دیگر پھل و سبزیاں شامل
جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا (یعنی مناسب مقدار میں پانی پینا) صرف ایک سادہ صحت مند عادت نہیں بلکہ جسم کے بنیادی افعال کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اگرچہ پانی پینا اہم ہے، لیکن پانی سے بھرپور غذائیں بھی جسم کی سیال ضروریات پوری کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ غذائیں نہ صرف جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہیں بلکہ وٹامنز، منرلز اور فائبر بھی فراہم کرتی ہیں۔
ذیل میں وہ اہم غذائیں دی جا رہی ہیں ،جو قدرتی طور پر جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ہیں، جیسا کہ ویب سائٹ ''ویری ویل ہیلتھ'' کے مطابق بتایا گیا ہے۔
1- کھیرہ
کھیرہ پانی سے انتہائی بھرپور سبزی ہے ،جس میں تقریباً 96 فیصد پانی پایا جاتا ہے۔ یہ جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ایک کپ کھیرے میں تقریباً 15 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں وٹامن K، فولک ایسڈ، کیلشیم، پولی فینولز اور فلیوونائڈز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس، پوٹاشیم، میگنیشیم اور سوڈیم شامل ہوتے ہیں۔
2- ٹماٹر
ٹماٹر میں تقریباً 94 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ سلاد، سینڈوچ اور مختلف پکوانوں میں استعمال ہوتا ہے۔ایک کپ ٹماٹر میں تقریباً 45 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں وٹامن A، وٹامن K، وٹامن C، پوٹاشیم، لائکوپین جیسے اینٹی آکسیڈنٹس اور میگنیشیم شامل ہوتے ہیں، جو ورزش کے بعد پٹھوں کی بحالی میں مدد دیتے ہیں۔
3- اسٹرابیری
اسٹرابیری میں تقریباً 92 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ بلڈ شوگر پر کم اثر ڈالنے والا صحت مند پھل ہے۔ایک کپ اسٹرابیری میں تقریباً 48 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں وٹامن C، فولک ایسڈ، مینگنیز، فائبر اور اینتھو سائاننز جیسے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوتے ہیں۔
4- تربوز
تربوز میں بھی تقریباً 92 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ سب سے زیادہ ہائیڈریٹنگ پھلوں میں شمار ہوتا ہے۔اس کی 1/16 مقدار میں تقریباً 85 کیلوریز ہوتی ہیں، ساتھ ہی فائبر، وٹامن A، پوٹاشیم، لائکوپین اور سیٹرولین بھی شامل ہوتے ہیں۔
5- گریپ فروٹ
گریپ فروٹ میں تقریباً 90 فیصد پانی پایا جاتا ہے اور اسے تازہ یا جوس کی شکل میں استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم بعض ادویات کے ساتھ اس کے تعامل کا خیال رکھنا ضروری ہے۔آدھے پھل میں تقریباً 53 کیلوریز ہوتی ہیں، ساتھ ہی وٹامن C، وٹامن A، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹ پولی فینولز شامل ہوتے ہیں۔
6- خربوزہ
خربوزے میں تقریباً 90 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ ہلکا، تازگی بخش اور آسانی سے ہضم ہونے والا پھل ہے۔ایک درمیانی مقدار میں تقریباً 23 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں فائبر، وٹامن A اور بیٹا کیروٹین شامل ہوتے ہیں۔
7- آڑو
آڑو میں تقریباً 88 فیصد پانی ہوتا ہے اور اسے سلاد یا اسنیک کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ایک کپ آڑو میں تقریباً 66 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں فائبر، وٹامن C، وٹامن A، وٹامن B گروپ، بیٹا کیروٹین اور پوٹاشیم شامل ہوتے ہیں۔
8- کرین بیری
تازہ کرین بیری میں تقریباً 87 فیصد پانی ہوتا ہے اور اسے سلاد یا دہی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ایک کپ میں تقریباً 11 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں فائبر، وٹامن E، وٹامن K1، کاپر، مینگنیز اور اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوتے ہیں۔
9- انناس
انناس میں تقریباً 87 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ کھانوں میں میٹھا اور تازگی بخش ذائقہ پیدا کرتا ہے۔ایک سلائس میں تقریباً 40 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں وٹامن C، وٹامن B6، کاپر، میگنیشیم، پوٹاشیم اور آئرن شامل ہوتے ہیں۔
10- رسبیری
رسبیری (سرخ بیری)میں بھی تقریباً 87 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ چھوٹا ہونے کے باوجود غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ایک کپ میں تقریباً 62 کیلوریز ہوتی ہیں اور اس میں وٹامن K، وٹامن E، وٹامن C، وٹامن B گروپ، فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، میگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم اور مینگنیز شامل ہوتے ہیں۔