اسرائیلی جنگی کونسل کے وزیر بینی گانٹز آج بروز ہفتہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اس کانفرنس میں اپنے استعفی کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق گانٹز کے دفتر نے کہا کہ وہ ہفتہ کی رات 8:40 بجے ایک پریس بیان دیں گے۔
اخبار نے واضح کیا کہ گانٹز کے متوقع استعفیٰ اس بنا پر ہے کہ انہوں نے گذشتہ ماہ وزیر اعظم نیتن یاہو کے لیے آٹھ جون کی تاریخ مقرر کی تھی۔ انہوں نے آٹھ جون کی ڈیڈ لائن دی تھی کہ اس تاریخ سے پہلے نیتن یاھو حماس کی شکست کے بعد غزہ پر حکومت کے حوالے سے وژن پیش کرے اور اس حوالے سے ایک متفقہ وژن پر عمل کریں۔
یہ بھی اطلاع دی گئی ہے کہ اتحادی جماعتوں کی طرف سے گانٹز کے ساتھ اختلافات کو دور کرنے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی جا رہی جس سے یقینی بنایا جا سکے کہ وہ آٹھ جون کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی اتحاد میں رہیں گے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو حکومت نے گانٹز کے پیش کردہ مطالبات کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی ان پر سنجیدگی سے بات کی۔
نیتن یاہو کے دفتر نے اتوار کو غزہ پر توسیعی وزارتی بحث کی تاریخ مقرر کی ہے یعنی گانٹز کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے ایک دن بعد یہ تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
العربیہ اور الحدث کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق طے شدہ وزارتی اجلاس وجوہات کی وضاحت کیے بغیر منسوخ کر دیا گیا تھا ۔ یاد رہے فوجی کونسل کے ارکان گانٹز اور گاڈی آئزن کوٹ نے تقریباً تین ہفتے قبل دستبردار ہونے کی دھمکی دی تھی۔