قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف اپنی کارروائیوں کے دوران مزید دو فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا یہ دوہرا قتل طولکرم میں ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فوج کئی ماہ پر مشتمل آپریشن مکمل کرنے کے بعد کئی روز کے وقفے سے منگل کے روز شہر پر حملہ آور ہوئی۔ تاہم فوری طور پر قتل کیے گئے دونوں فلسطینیوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیل معلوم نہیں ہوئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بھی اس واقعے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم کہا جا رہا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج نے جو کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں یہ انہی کا سلسلہ تھا۔
دریں اثناء فتح کے عسکری ونگ نے ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ اس کے جنگجو اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں مصروف تھے۔ جس میں فائرنگ کی گئی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی سرکاری خبر ایجنسی' وفا ' کے مطابق اسرائیلی فوج نے طولکرم میں جیسے ہی کارروائی شروع کی اسرائیلی فوجیوں گاڑیوں نے مقامی سرکاری ہسپتال کو گھیرے میں لے لیا۔
اس سے قبل اسرائیلی قابض فوج جمعہ کے روز بظاہر طولکرم میں آپریشن مکمل کر کے واپس چلی گئی تھی۔ لیکن منگل کے روز اس نے پلٹ کر حملہ کیا ہے۔
دیر سے آنے والے اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے یہ کارروائی ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ کو روکنے کے لیے کی ہے ۔ کیونکہ ایرانی حمایت یافتہ گروپ یہودیوں پر حملے کی تیاری کر رہا تھا ۔ اس لیے فوج نے پیشگی حملہ کیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق چالیس کے قریب فلسطینیوں نے فوج کی کارروائی کا سامنا کیا ۔ ان میں بعض مسلح لوگ بھی تھے۔ اس دوران ایک اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے شہر میں کارروائیوں کے دوران شہری انفراسٹرکچر کو بھی تباہ کیا ہے۔