ایرانی رہنما کی غیر ملکیوں اور سیاسی قیدیوں سمیت ہزاروں افراد کے لیے معافی
تقریباً ساٹھ افراد کی سزائے موت قید میں تبدیل
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اِرنا (آئی آر این اے) نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ ایران کے اعلیٰ رہنما خامنہ ای نے ہزاروں قیدیوں کو معاف کر دیا ہے جن میں غیر ملکی اور ایسے افراد شامل ہیں جن پر ریاست مخالف جرائم کا الزام ہے۔
اِرنا نے رپورٹ کیا کہ عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای کی تجویز کے بعد علی خامنہ ای نے 2,887 قیدیوں کی سزائیں معاف اور کم کرنے پر اتفاق کیا۔ اِرنا نے کہا کہ 59 افراد کی سزائے موت کو قید میں تبدیل کر دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معافی پانے والوں میں 39 ایسے افراد جو ریاست مخالف جرائم کے مرتکب ہوئے اور 40 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ رپورٹ میں مزید وضاحت نہیں کی گئی۔
خامنہ ای جو تمام ریاستی معاملات پر حتمی فیصلہ دیتے ہیں، بعض مواقع پر قیدیوں کو معاف کر دیتے ہیں۔ ان میں پیغمبرِ اسلام محمدؐ کا یومِ ولادت یعنی 12 ربیع الاول کا موقع بھی شامل ہے۔