رابطہ عالم اسلامی تنظیم نے سعودی عرب کی جانب سے غزہ کی پٹی میں انسانی صورت حال بہتر بنانے کے سلسلے میں فسلطینی برادران کے لیے ماہانہ مالی معاونت پیش کرنے کے حالیہ اعلان کو بھرپور طور پر سراہا ہے۔
تنظیم کے سکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے ایک بیان میں اس اہم اقدام پر روشنی ڈالی ہے جو مملکت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ تاریخی یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔
رابطہ عالم اسلامی نے اپنے اور اپنی تمام ذیلی تشکیلوں کے علاوہ امت مسلمہ کے علمائے کرام اور عوام کی جانب سے ان غیر معمولی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جو سعودی مملکت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں حالیہ سنگین انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ مملکت نے اس بحران کے حوالے سے عرب اور اسلامی دنیا کے موقف کو یکجا کیا ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی برادران کی حمایت اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنا اور اس کے حصار کو توڑنا ہے۔ ان کوششوں کا نتیجہ کئی دوست ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کی شکل میں سامنے آیا جو مسئلہ فلسطین کا ایک جامع اور منصفانہ حل تلاش کرنا چاہتے ہیں تا کہ برادر فلسطینی عوام کو ان کے تمام قانونی حقوق حاصل ہو سکیں اور ان کی ایک خود مختار ریاست کا قیام عمل میں آ سکے۔