عراق کے حکام نے جمعرات کے روز پانچ ملین کیپٹاگون گولیاں ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق شام کی سرحد کے ذریعے کیپٹاگون کو سمگل کیا جا رہا تھا۔
عراق کی قومی سلامتی سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پڑوسی ملک سے آنے والی سبزیوں میں 5 ملین کیپٹاگون گولیاں چھپائی گئی تھیں۔ جنہیں حکام نے ضبط کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عراق کے صوبہ الانبار میں کئی دنوں سے گھات لگائی گئی تھی۔ یہ صوبہ شام کی سرحد سے متصل ہے۔ اسی گھات کے نتیجے میں کیپٹاگون ضبط کرنے کی کارروائی میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کی جولائی میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق عراقی حکام نے سال 2023 میں 24 ملین کیپٹاگون گولیاں ضبط کی تھیں۔ جس کی مالیت 84 ملین ڈالر سے 144 ملین ڈالر کے درمیان ہے۔
خیال رہے خطے کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے خلیجی ریاستوں نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔