اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے اتوار کو شام اور لبنان کی سرحد پر ایک سرنگ کو نشانہ بنانے کے لیے ایک فضائی حملہ کیا۔ اسرائیل کے مطابق اس سرنگ کو حزب اللہ مبینہ طور پر ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتی تھی۔
فوج نے جنوبی شام میں حماس کے زیرِ استعمال ہتھیاروں کے ڈپو کو نشانہ بنانے کے ایک دن بعد کہا کہ اسرائیلی "طیارے نے شامی سرزمین سے لبنان میں داخل ہونے والی ایک زیرِ زمین سرنگ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر عین درست حملہ کیا جسے حزب اللہ ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتی تھی۔
فوج نے کہا کہ اتوار کے روز اپنے حملوں میں اس نے لبنان میں حزب اللہ کے کئی دیگر مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اتوار کے روز اطلاع دی کہ "دشمن اسرائیلی جنگی طیاروں" نے لبنان-شام کی سرحد پر متعدد حملے کیے جن میں ایک راہداری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اتوار کو ہی جنگی نگران سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے جنوبی صوبہ السویداء میں ایک فوجی ایئرپورٹ اور ہمسایہ صوبہ درعا میں گولہ بارود کے ایک ڈپو پر اسرائیلی حملوں کی اطلاع دی۔