کویت کی جنرل ایڈمنسٹریشن فار نارکوٹکس کنٹرول اور قطر میں اس کے ہم منصب کے درمیان سیکورٹی تعاون کی وجہ سے کویتی سکیورٹی حکام نے "کیپٹاگون" سائیکوٹراپک مادوں کی ایک بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ یہ 75 ہزار نشہ آور گولیاں ہیں۔ ان گولیوں کو جنریٹر ’’ ڈائنمو‘‘ کے اندرونی حصوں میں چھپایا گیا تھا۔ کویتی وزارت داخلہ نے بتایا کہ شام کی شہریت رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ ایک یورپی ملک سے خلیجی علاقے میں بڑی مقدار میں کیپٹاگون کی سمگلنگ کی جارہی ہے۔ اس بات کی تصدیق کی گئی کہ کویت کو ہدف بنایا گیا تھا۔ تلاش اور تفتیشی کارروائیوں کی بنیاد پر یہ واضح ہو گیا کہ کھیپ کو فضائی مال برداری کے ذریعے سمگل کیا جائے گا۔ کویتی محکمہ کسٹم نے فوری طور پر کارروائی شروع کی۔ شام کے شہری کو گرفتار کیا گیا۔ اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ منشیات کو سپیئر پارٹس کے اندر چھپایا گیا ہے۔
کویتی وزارت داخلہ نے کہا کہ وہ اس آپریشن میں قطری سکیورٹی حکام کے فعال کردار کو سراہتی ہے۔ منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی سکیورٹی تعاون قابل تعریف ہے۔