اقوامِ متحدہ کی عمارت پر اسرائیلی حملے میں نو بچے بھی ہلاک ہوئے: امدادی کارکنان غزہ

حملے میں 19 افراد کی ہلاکت کی اطلاع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے بدھ کے روز جبالیا پناہ گزین کیمپ میں اقوامِ متحدہ کی عمارت میں حماس کے مزاحمت کاروں کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ اس میں 19 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے نو بچے تھے۔

فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے عسکریت پسندوں کو "ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر نشانہ بنایا جو دہشت گردی کی سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لیے استعمال ہو رہا تھا،" اور اے ایف پی کو الگ سے تصدیق کی کہ اس عمارت میں اقوامِ متحدہ کا کلینک تھا۔

شہری دفاع ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ اس حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جس میں "انروا کی عمارت کو نشانہ بنایا جہاں ایک طبی کلینک ہے۔"

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی ایجنسی انروا فوری طور پر حملے کی تصدیق نہیں کر سکی۔

فوج نے کہا کہ "یہ احاطہ دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے حماس کی جبالیا بٹالین کے زیرِ استعمال تھا" اور حماس پر "انسانی ڈھال کے طور پر شہری آبادی کا استحصال کرنے" کا الزام لگایا۔

فلسطینی وزارتِ خارجہ نے جبالیا میں کلینک میں ہونے والے قتلِ عام کی مذمت کی اور اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملے کو روکنے کے لیے "سنجیدہ بین الاقوامی اقدامات" کا مطالبہ کیا۔

حماس کے اتحادی مزاحمتی گروپ اسلامی جہاد نے بمباری کو ایک " صریح جنگی جرم" قرار دیا۔

اسرائیل نے گذشتہ 18 مہینوں کے دوران متعدد مواقع پر غزہ میں انروا کے زیرِ انتظام بے گھر افراد کی رہائشی عمارات پر حملے کیے ہیں۔

وسطی غزہ میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام الجونی اسکول پر 11 ستمبر کے حملے میں بین الاقوامی سطح پر شدید ردِ عمل آیا تھا جب انروا نے کہا کہ ہلاک شدہ 18 افراد میں اس کے عملے کے چھے ارکان بھی شامل تھے۔

اسرائیلی فوج حماس پر سکولوں کی عمارات میں چھپنے کا الزام عائد کرتی ہے جہاں غزہ کے ہزاروں باشندوں نے پناہ حاصل کر رکھی ہے۔ فلسطینی گروپ اس الزام کی تردید کرتا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان چھے ہفتے کی جنگ بندی کا آئندہ لائحہ عمل طے نہ ہو سکا جس کے بعد اسرائیل نے 18 مارچ کو فلسطینی سرزمین پر وسیع فضائی حملے دوبارہ شروع کر دیئے تھے۔

علاقے کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 50,399 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں