دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کو مضبوط بنانے کے ایک قدم کے طور پر ریاض میں دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے صدر دفتر میں اسلامی اتحاد اور اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی مرکز کے درمیان تعاون کے لیے ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
یہ تعاون "دلیل" نام کے ایک اقدام کے فریم ورک کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد اتحاد کے رکن ممالک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شعبے میں قانون کے ماہرین کے لیے ایک خصوصی قانونی تربیتی پروگرام پر عمل درآمد کرنا ہے۔ اس میں اقوام متحدہ کے مرکز کے ماہرین کی جانب سے تکنیکی اور علمی مدد فراہم کی جائے گی جو اتحاد میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف جنگ کے شعبے کے تعاون سے ہوگا۔
"دلیل" اقدام کا مقصد دہشت گردی کے جرائم کے مرتکب افراد کے مقدمات چلانے کے لیے قومی قانونی نظاموں کے اثر کو بڑھانا اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف جنگ کے شعبے میں رکن ممالک کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق بین الاقوامی قانونی دستاویزات کی تفہیم کو مضبوط بنانا بھی مقاصد میں شامل ہے۔ اس سے بین الاقوامی تعاون کے طریقہ کار میں قانون کے ماہرین کی عملی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اسی طرح متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں کے ساتھ قومی قوانین کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
پروگرام کئی اہم محوروں پر توجہ مرکوز کرے گا جن میں بین الاقوامی تعاون کا قانونی فریم ورک، باہمی قانونی معاونت کا طریقہ کار، مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں شامل ہیں۔ اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت میں بین الاقوامی تنظیموں کا کردار، کیس سٹڈیز اور عملی میدانی اطلاقات بھی شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے رکن ممالک میں قانونی عملے کی استعداد کار کو بڑھانے میں معیاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ پائیدار اور موثر قانونی حل کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اس تعاون کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔
اس اقدام کا ہدف پہلے مرحلے میں اتحاد کے تین رکن ممالک ہیں اور اس اقدام کے دائرہ کار کو زیادہ سے زیادہ رکن ممالک تک وسیع کرنے کے لیے ایک مرحلہ وار منصوبہ بندی کی گئی ہے۔