متحدہ عرب امارات کی جانب سے قطر پر حملے کی شدید مذمت

فردو میں ایرانی حملے پر گہری تشویش، علاقائی استحکام کو خطرہ قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

متحدہ عرب امارات نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے قطر میں قائم العدید ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اماراتی وزارتِ خارجہ نے اسے قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی قیادت قطری عوام اور وہاں مقیم افراد کی سلامتی کے لیے ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے والے ہر اقدام کو مسترد کرتا ہے اور ایسے کسی بھی حملے کی سخت مخالفت کرتا ہے جو قطر کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالے۔

وزارتِ خارجہ نے فوری طور پر عسکری کشیدگی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایسے اشتعال انگیز اقدامات جاری رہے تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے امن و امان کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔

اماراتی وزارت خارجہ نے موجودہ بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور حسنِ ہمسائیگی کے اصول اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سنجیدہ مکالمہ ہی خطے کے تحفظ، استحکام اور عوام کے امن کی ضمانت ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں