ایرانی بچوں کو پانی تک میسر نہیں ، عوام سڑکوں پر نکل کر حکومت تبدیل کر دیں: نیتن یاہو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے علاقے کے اہم ملک اور اپنے دشمن ایران کے عوام کو کال دی ہے کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکل آئیں۔ اسرائیلی ریاست نے صرف دو ماہ قبل ایران پر غیر معمولی جنگ مسلط کی تھی اور ایرانی فوجی و شہری تنصیابت کو تباہ کرنے کے علاوہ حساس جوہری تنصیات کو بھی بدترین بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیلی بمباری میں مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا اور عام ایرانیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ ایرانی فوج کی اعلیٰ ترین قیادت اور ملک کے چوٹی کے سائنسدانوں کو ہدف بنا کر قتل کیا گیا۔ جبکہ ایرانی جوہری پروگرام کو غیر معمولی بمباری کر کے نقصان پہنچایا۔

معاشی اعتبار سے برسوں سے امریکی و یورپی پابندیوں کا نشانہ بن کر معاشی تںاہی سے دوچار ایران کے لیے یہ جنگ بڑی خطر ناک ثابت ہوئی۔
جس نے ایران کو مزید کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ کہ اسرائیل نے ایرانی توانائی کے مراکز کو بھی بطور خاص تباہ کرنے لیے بمباری کی تھی۔

اب نیتن یاہو نے عوامی مسائل کے بڑھ جانے کی صورت میں حالیہ بارہ روزہ جنگ کے دو ماہ بعد ایرانی عوام کو کال دی ہے کہ بجلی و پانی کی اس قلت کے اور ایرانی حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔ نیتن یاہو کی اپیل بنیادی طور پر جنگ کے دنوں میں رجیم چینج کی کوششوں کا ہی ایک حصہ ہے۔

اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم نے اپنے ایک ویڈیو خطاب میں ایرانی عوام کو احتجاج کے لیے ابھارا ہے۔ یاد رہے جنگ کے بعد سے ایران میں متعدد اسرائیلی جاسوسوں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

پانی کی جاری قلت کا معاملہ پچھلے ماہ سے شدید ہے اس لیے ایرانی حکومت پانی کے کم استعمال کی اپیل کر کے مشکل پر قابو پانے میں تعاون کی اپیل کر رہی ہے۔ کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے بارشوں کے سسٹم کو سخت متاثر کیا اور زیر زمین پانی کے وسائل بھی خشک سالی کی وجہ سے کافی کم ہو گئے ہیں۔

پچھلے ہفتے ایرانی سرکاری دفاتر کو بھی بجلی کی کھپت کم کرنے لیے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

اسرائیلی ریاست کے لیے اس وقت مشکلات میں گھری ایرانی عوام کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے نیتن یاہو نے کہا ہے کہ صورت حال یہ ہے کہ ایک عام ایرانی شہری اپنے بچوں کو ٹھنڈا اور صاف پانی بھی نہیں پلا سکتا ہے۔

یاد رہے پانی کی قلت اور غزائی قلت کی وجہ سے دنیا میں اس وقت سب سے متاثرہ علاقہ اسرائیل کے زیر ہدف غزہ ہے۔ جہاں انسانی ساختہ قحط کی وجہ سے ایک سو سے زائد بچوں سمیت سینکڑوں فلسطینی بھوک اور پیاس سے مر چکے ہیں۔ اس صورت حال کو رپورٹ کرنے والے اکٹھے پانچ صحافیوں کو دو تین روز پہلے اسرائیلی ریاست نے بمباری کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

نیتن یاہو نے ایرانی عوام کو مخاطب کر کے کہا ہے اس رجیم سے جان چھڑوائیں۔ اسرائیلی ماہرین ایران کے ہر شہر تک بڑی تعداد میں پہنچ کر جدید ٹیکنالوجی سے مدد کرنے آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا ایرانی قوم کو اپنی آزادی کے لیے رسک لینا چاہیے اور سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنا چاہیے۔کیونکہ ایسا کرنا تمام ایرانیوں کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔

اسرائیلی ریاست کے وزیر اعظم کی یہ ویڈیو ایسے وقت سامنے آئی ہے جب نیتن یاہو کو خود بھی عوامی احتجاج سمیت کئی عدالتی مسائل کا سامنا ہے۔ وہ اس وقت واحد حکمران ہیں جن کے خلاف ملکی اور بین الاقوامی دونوں قسم کی عدالتوں میں سنگین مقدمات جاری ہیں۔ جبکہ اسرائیلی عوام بائیس ماہ سے جاری جنگ سے تنگ آرہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں