کویت اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سمندری گیس فیلڈ "الدرۃ" میں سروے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ پیش رفت ضروری مطالعات اور انجینئرنگ اقدامات مکمل ہونے کے بعد ہوئی ہے۔ اس گیس فیلڈ میں تقریباً 20 کھرب مکعب فٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الدرۃ فیلڈ میں ڈرلنگ کا آغاز آئندہ سال کیا جائے گا، جس کے لیے آلات اور مشینری کا انتخاب و ڈیزائن مکمل ہونے کے بعد ایک خصوصی کمپنی کو ٹھیکہ دیا جائے گا۔ یہ فیلڈ سعودی عرب اور کویت کے درمیان شمالی سمندری علاقے میں واقع ہے۔
پروجیکٹ کی ترقی کے لیے آرامکو فور گلف آپریشنز اور کویت گلف آئل کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہو چکے ہیں، جو مارچ 2022 میں طے پانے والے ترقیاتی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔ دستخط کے بعد منصوبے پر عملی کام فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے گا اور اسے طے شدہ پروگرام اور شیڈول کے مطابق تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔
الدرۃ فیلڈ کی ترقی 24 دسمبر 2019 کو سعودی عرب اور کویت کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یاد داشت کے تحت کی جا رہی ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق سمندری سرحدی علاقے میں موجود تمام قدرتی وسائل، جن میں الدرۃ فیلڈ بھی شامل ہے، دونوں ممالک کی مشترکہ ملکیت ہیں اور ان ہی کو ان وسائل کے مکمل خود مختارانہ استعمال کا حق حاصل ہے۔