سعودی مرکزِ موسمیات نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو 2026 کے موسمِ سرما کی تفصیلات بتائیں
موسم سرما کا آغاز پیر کے روز ہو گا
سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ سال 2025 میں موسم معتدل رہا۔ انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ مملکت میں پورے سال شدید موسم کی کوئی صورت حال درج نہیں ہوئی حالانکہ کچھ صوبوں بالخصوص مکہ مکرمہ میں شدید بارشیں ہوئیں۔
القحطانی نے اس سال کے موسمِ سرما کی مزید تفصیلات بھی بتائیں اور کہا کہ ابتدائی اشارے ظاہر کرتے ہیں کہ 2026 کا موسمِ سرما گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ سرد ہو گا، تاہم کوئی شدید یا غیر معمولی سردی کی لہریں متوقع نہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ شمالی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح کمی آئے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ موسمِ سرما موسمیاتی اعتبار سے یکم دسمبر 2025 بروز پیر شروع ہو گا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی ہو گی، جبکہ کچھ علاقوں میں بارش کے امکانات بھی برقرار رہیں گے۔ یہ بارشیں ملک کے وسیع علاقوں تک پھیل سکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دسمبر مملکت میں برسات کے مہینوں میں شمار ہوتا ہے، خاص طور پر شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں اور امکان ہے کہ بارش کی مقدار معمول سے تھوڑی زیادہ ہو گی۔
القحطانی کے مطابق اس سال کے موسمیاتی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسم کے عناصر عمومی طور پر مستحکم ہیں، کیونکہ درجہ حرارت، بارش اور ہواؤں کے رجحانات معمول کے مطابق رہے۔