عراق میں کردستانی علاقے میں قائم متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے پر ایران کا دوسرا حملہ
عرب امارات کی طرف سے مذمت
متحدہ عرب امارات نے عراقی کردستانی علاقے میں اپںے قونصل خانے پر دوسرے ایرانی حملے کی مذمت کی ہے۔ یہ مذمتی بیان متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز جاری کیا ہے۔
امارات کی طرف سے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایک دہشت گردانہ ڈرون حملے کا نتیجہ ہے۔ جس میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
رواں ہفتے کے دوران دوسری بار اس قونصل خانے کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ جس کے نتیجے میں قونصل خانے کے دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور بلڈنگ کو نقصان پہنچا ہے۔
اماراتی حکام کے بیان کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی اقدار اور قانون کی خلاف ورزی ہے جو کشیدگی کے پھیلاؤ کا خطرہ بن رہی ہے۔ اس سے علاقے میں امن کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
اماراتی وزارت خارجہ نے عراقی حکومت اور کردستانی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تاکہ حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی ہو اور ان کو جواب دہ ٹھہرایا جا سکے۔