افریقی، مشرقی ایشیائی اور بھارتی عازم حج کا سعودی عرب کی میڈیکل ٹیموں نے کامیابی سے علاج مکمل کر کے انہیں واپس مناسک حج کی ادائیگی کے لیے فٹ قرار دے دیا۔ دل کے دورے کے بعد سعودی ڈاکٹروں سے صحت یاب ہونےوالے ان حاجیوں کا تعلق صومالیہ، سینیگال، برما، انڈونیشیا اور بھارت سے ہے۔
طبی ٹیموں کے مطابق یہ پانچوں اب مناسک حج ادا کرنے کے لیے طبی مراکز سے واپس جا چکے ہیں۔ البتہ انہیں احتیاط کی بنیاد پر طبی معائنے کی غرض سے طبی صورت حال کی نگرانی میں مدد دینے والی سمارٹ گھڑیاں باندھ دی گئی ہیں۔ جو ان کی صحت سے متعلق 'اپ ڈیٹس' طبی مراکز کو فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے دونوں عازمین حج کی مکہ کے شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی میں حالت بہتر ہو جانے کے بعد انہیں واپس بھیج دیا گیا تاکہ اپنی حج سے متعلق سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں۔ البتہ انہیں ہسپتال نے ایسی سمارٹ واچ کے ذریعے نگرانی میں رکھا ہے جو ان کی صحت کے بارے میں جانکاری کا ذریعہ ہیں۔
علاوہ ازیں دو حاجی جن کا تعلق انڈونیشیا اور میانمار سے ہے انہیں اپنی معمول کی حج سرگرمیوں کے دوران عارضہ دل کی شکایت کا سامنا کرنا پڑا تو انہیں اسی نوعیت کی طبی سہولیت فراہم کر دی گئی۔ ان دونوں کو مسجد نبوی میں موجودگی کے دوران دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال لایا گیا تھا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک حاجی جن کی عمر ساٹھ سال کے لگ بھگ ہے کو بھی دل کا دورہ پڑنے پر مدینہ کے ہسپتال میں علاج کی سہولت دی گئی۔ اس حاجی کے دل کی شریان میں 'کلاٹ' آگیا تھا۔ بعد ازاں اسے سٹینٹ ڈال کر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔